مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی دفاتر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ارض پاک کو قائد اعظم کے خوابوں کی حقیقی تعبیرکی شکل دینے کے لئے ملک میں بسنے والے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔اس وطن کا حصول ایک طویل جدوجہد اور ان گنت جانوں کی قربانی کے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا ہے۔بانی پاکستان جیسی مدبر، دانشمند اور بابصیرت قیادت اگر میسر نہ ہوتی توانگریزوں کے بعد ہمیں ہندو وں کی غلامی اختیار کرنا پڑتی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وطن کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ موجودہ ریاست قائد اعظم کے خوابوں کی عکا س نہیں۔کرپشن، دہشت گردی،مذہبی و لسانی تعصبات،انتہا پسندی، عدم برداشت اور تکفییریت جیسے عفریتوں نے اس ملک کی ترقی و استحکام کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔قومی وحدت کو دانستہ طور پر کمزور کیا جا رہا ہے۔ مخصوص تکفیری گروہوں اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ملک میں تفرقہ بازی پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ہمیں ایسی شر پسندی کا دانشمندی اور بصیرت سے مقابلہ کرنا ہوگا جو اسلام کے مضبوط بازوں شیعہ سنی طاقتوں کو آپس میں لڑا کر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کی جس میں تمام مذاہب کو بلاتخصیص مکمل طور پر مذہبی آزادی حاصل ہو۔کسی بھی مذہبی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا ناقابل معافی جرم ہے۔ہندووں ،مسیحیوں اور ملک میں بسنے والے دیگر مذاہب کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔حکومت کی طرف سے طے شدہ حکمت عملی کے تحت ملک میں تکفیری گروہوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ سرعام تکفیریت کے فتوی جاری کر کے ملک میں انتشار اور نفرت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور انتہا پسند عناصر کو سیاسی دھارے میں شامل کرکے اس تاثر کو تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی کہ پاکستان کی اکثریت انتہا پسندی کی حامی ہے۔جو عالمی سطح پر وطن عزیز کی ساکھ کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ان ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ملک کی محب وطن جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کو اخباری بیانات تک محدود کر رکھا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گرد طاقتوں کے سہولت کار نیشنل ایکشن پلان کو سرعام چیلنج کر رہے ہیں۔قائد اعظم کے پاکستان میں ملک دشمن عناصر کی قطعاََ گنجائش نہیں۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کے موقعہ پر مسیحی برادری کو بھی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ارض پاک میں بسنے والے تمام مذاہب و مسالک کو اس ملک میں یکساں حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہیں۔دین اسلام رواداری کا درس دیتا ہے اور تمام مذاہب کا احترام ہمارے دین کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں