حسن مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ پیپلزپارٹی والے جب کسی بات کی ٹھان لیں تو وہ اسے ہر قیمت پر پورا کرتے ہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر حسن مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ پیپلزپارٹی والے جب کسی بات کی ٹھان لیں تو وہ اسے ہر قیمت پر پورا کرتے ہیں، میاں نوازشریف اگر از خود مستعفی ہو جاتے ہیں تو یہ ان کی سیاسی کیریئر کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا اگر پیپلزپارٹی کی تحریک پر انہیں جانا پڑا تو پھر ان کے پلے کچھ نہیں رہے گا ، انہوں نے کہا کہ نوازشریف جوکل تک آصف زرداری پر الزام تراشی ہی نہیں بلکہ دشنام تراشی بھی کرتے رہیں مگر وہ آج تک کچھ بھی ثبوت نہیں دے سکے، تاہم اللہ کی لاٹھی بہت بے آواز ہے جو چلی تو سیدھی ان نام نہاد شریفوں کے سر پر آلگی اور اب یہ رو رہے ہیں تاہم اب ان کا رونا دھونا کسی کام نہیں آئے گا کیونکہ پانی پلوں کے نیچے سے گزرچکا ہے، انہوں نے کہاکہ جتنی ان نام نہاد شریفوں نے لوٹ مار کرنا تھی وہ کر لی اب وہ اپنے مفادات کسی صورت حاصل نہیں کر سکیں گے کیونکہ عوام نے ان کی سیاست کے آگے پل باندھنے کا پکا تہیہ کر لیا ہے ۔حسن مرتضیٰ سید نے مزید کہا کہ پاکستان کی کشتی اس وقت بدترین بھنور میں پھنس چکی ہے جسے اس بھنور سے نکالنا بہت ضروری ہے اگر یہ اسی طرح پھنسی رہی تو پھر وہ نقصان ہوگا جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا ، اب اس کشتی کو بلاول زرداری پار لگائیں گے ۔ لہٰذا عوام ان کا بھرپور ساتھ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں