فیصل آباد ( تحصیل رپورٹر )فیصل آباد کے بھٹہ مالکان نے فی ہزار پختہ اینٹ کا ریٹ 8ہزار روپے مقرر کر دیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔اس بات کا اعلان جھنگ روڈ پر چوہدری علی اصغر بھولا گجر کے ڈیرے پر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ لیبر اور دیگر اخراجات اس کے علاوہ ہیں ایسے حالات میں اینٹوں کے ریٹ میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھٹوں میں استعمال ہونے والے کوئلہ کی قیمت 18ہزار روپے فی ٹن تک جا پہنچی ہے جس کی وجہ سے رجسٹرڈ 400میں سے 150بھٹے بند ہو چکے ہیں ۔چند ماہ تک جو کوئلہ 12ہزار روپے فی ٹن میں دستیاب تھا جو اب 18ہزار روپے فی ٹن مل رہا ہے ۔بھٹہ مالکان اپنی لیبر کو مزدوری بھی نئے ریٹوں کے مطابق اضافہ کے ساتھ دے رہے ہیں ۔ہمارے اخراجات آئے روز بڑھ رہے ہیں ان حالات میں کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئلہ کا ریٹ 10ہزار روپے فی ٹن کیا جائے ورنہ دیگر بھٹے بھی بند ہو جائیں گے جس سے لاکھوں مزدور بھی بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ترقیاتی کام بھی بری طرح متاثر ہوں گے ۔اجلاس میں رانا عبدالرشید خاں،رانا جمیل ،میاں اختر محمود،منشی رشیداحمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں