چنیوٹ ( سن سٹریٹ نیوز ) چیئرمین ضلع کونسل ڈسٹرکٹ چنیوٹ چوہدری محمد ثقلین سجنکا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساڑھے چار سال کے دور حکومت میں پاکستان کے تمام اہم شعبوں نے نمایاں ترقی کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت پاکستان کے معاشی حالات بہت ابتر تھے اور ملک نادھندہ ہونے کی پوزیشن سے دوچار تھا لیکن محمد نواز شریف کی وژنری قیادت اور اعلیٰ پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان کی معشیت مستحکم ہوئی بلکہ تمام معاشی اشاریوں میں تاریخی بہتری ریکارڈکی گئی، محمد نواز شریف نے پاکستان کونہ صرف معاشی اور توانائی کے بحران سے نکالا بلکہ ساتھ ساتھ ملک میں اس وقت جاری دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے تمام اداروں کو ایک ساتھ لے کر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے آج ہمارے ملک میں دہشت گردی میں تقریباً 80 فیصد تک کمی آ چکی ہے اور باقی ماندہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آپریشن ردالفساد تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک سے اندھیروں کو دور کرنے کیلئے توانائی کے بڑے منصوبے شروع کئے جو اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ آج توانائی کے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اور اس وقت ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے اور صرف ان چند فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جہاں بجلی چوری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے جس کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں