فیصل آباد ( سٹی رپورٹر ) چیئر پرسن ویمن ویلفیئر کمیٹی میونسپل کارپوریشن،سٹی جنرل سیکر ٹری مسلم لیگ ن خواتین ونگ محترمہ شمائلہ چوہدر ی نے کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر چرچ کے نزدیک دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گرجا گھر میں دہشت گردی کی واردات بھی عالمی اور ملکی عیسائی برادری کے اندر اشتعال و انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ دہشت گرد پاک دھرتی کا ناسور ہیں،انہیں اتحاد اور اتفاق کی قوت سے ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے مسیحی ہمارے بہن بھائی ہیں اور یہ حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے ۔انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں