امن و امان کا قیام،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ڈی پی اوچنیوٹ سید حسنین حیدر


بھوانہ (عمر وقار اعوان سے)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگو ں کے مسائل سننے اور انکے حل کیلئے بھوانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ حافظ محمد عمران،دیگر متعلقہ افسران،ڈی ایس پی بھوانہ نوید مرتضی چیمہ،،ایس ایچ او بھوانہ،ایس ایچ او لنگرانہ،انچارج چوکیات،تفتیشی افسران،دیگر متعلقہ افسران،صحافیوں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈی سی،ڈی پی او نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والے لوگوں کی شکایات،مسائل سنے اورموقع پر ہی درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے ہدایت کی کہ فوری انصاف کی فراہمی،دادرسی کو یقینی بنایا جائے اور مسائل کو حل کیا جائے اور رپورٹ بھجوائی جائے۔ڈی سی چنیوٹ نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چنیوٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لاکر لوگوں کو درپیش مسائل حل کیے جارہے ہیں۔ڈی سی نے کہا کہ بھوانہ کے لوگوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔کسی کو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو مجھے میرے دفتر مل سکتا ہے۔ڈی پی او چنیوٹ سید حسنین حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں امن و امان کا قیام،جرائم پیشہ عناصر،منشیات کے خاتمہ کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔لوگوں کے جان و مال،عزت کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے اور امر کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے افسران اور جوان دن رات کوشاں ہیں،بھوانہ کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے تمام جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔اگر کسی کا بھی کوئی مسئلہ تھانہ چوکیات میں حل نہیں ہورہا تو آپ بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں۔لوگوں کو چاہیے کہ جھوٹی درخواستوں سے گریز کریں۔کسی مظلوم کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں کروں گا۔عوام اور پولیس کے درمیان بہتر تعلقات اور ہم آہنگی کی بدولت ہی جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے اور معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کیا جاسکتا ہے۔لوگوں کو چاہیے کہ جرائم پیشہ عناصر،منشیات فروشوں اور دیگر معاشرتی ناسوروں کیخلاف پولیس کو اطلاع دیکر اپنا فرض ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں